سان فرانسسکو: گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے کروم ویب براؤزر میں ایک اہم تبدیلی کی ہے، جس سے صارفین کے لیے براؤزنگ کا تجربہ مزید آسان ہو گیا ہے۔ 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق، گوگل نے کروم کے نیو ٹیب پیج میں دو نئے شارٹ کٹس کا اضافہ کیا ہے۔
ان دو بٹنز میں سے ایک "اے آئی موڈ" اور دوسرا "انکوگنیٹو موڈ" کا شارٹ کٹ ہے۔ اس تبدیلی کے ذریعے، انکوگنیٹو موڈ کا استعمال اب زیادہ سادہ ہوگیا ہے، کیونکہ اب صارفین کو تھری ڈاٹ مینیو میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس نیو ٹیب پیج پر موجود شارٹ کٹ پر کلک کرکے آپ فوری طور پر انکوگنیٹو موڈ میں جا سکتے ہیں۔
دوسرا بٹن گوگل کے نئے اے آئی موڈ کا شارٹ کٹ ہے۔ اس پر کلک کرنے سے صارفین براہ راست گوگل سرچ کے اے آئی موڈ تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جو کہ صارفین کے لیے تیز تر اور زیادہ موثر سرچ تجربہ فراہم کرے گا۔
گوگل نے اس سے قبل ستمبر 2025 میں اعلان کیا تھا کہ وہ کروم براؤزر کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کر رہا ہے، جو 2008 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس ری ڈیزائن کا سب سے بڑا اور اہم فیچر گوگل سرچ میں اے آئی موڈ کا اضافہ ہے، جو اب گوگل ایڈریس بار کا حصہ بن چکا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین نہ صرف مختصر تلاش کی اصطلاحات بلکہ طویل سوالات بھی ٹائپ کر سکتے ہیں اور پیج چھوڑے بغیر جواب حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر پیج پر موجود مواد کے حوالے سے بھی بہت کارآمد ثابت ہوگا، جس سے صارفین کی سرچ کی سہولت مزید بہتر ہو گی۔