پی آئی اے کا پانچ سال بعد برطانیہ کے لیے پروازوں کا آغاز ،  مانچسٹر کے لیے پہلی فلائٹ روانہ

01:38 PM, 25 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ ہوگئی، جس کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ، ایوی ایشن حکام، پی آئی اے انتظامیہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا، مگر اب ہم نے قومی ایئرلائن کے معیار کو دوبارہ بحال کر لیا ہے۔ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، اور مانچسٹر کے لیے پرواز کا آغاز ایک شاندار آغاز ہے۔

خواجہ آصف نے برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ ان کی تعمیری حمایت کے بغیر یہ بحالی ممکن نہ ہوتی۔ وزیر دفاع نے سفارتی عملے کی محنت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے لیے پی آئی اے پر پابندی جولائی 2020 میں عائد کی گئی تھی، جب پائلٹس کی ڈگریوں کے معاملے نے سر اُٹھایا۔ تقریباً پانچ سال اور تین ماہ کے بعد یہ پابندی ختم ہوئی اور پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ برطانیہ کی فضاؤں میں اڑنے کے لیے تیار ہیں۔

ابتدائی طور پر پی آئی اے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی، جو منگل اور ہفتہ کے روز روانہ ہوں گی۔ افتتاحی پرواز بوئنگ 777 کے ذریعے 284 مسافروں کو لے کر دن 12 بجے روانہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق، دوسرے مرحلے میں پی آئی اے لندن کے لیے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس تاریخی موقع پر مانچسٹر کی عمارت کا ہیوی پورٹریٹ آویزاں کیا گیا، جو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی تعلقات کی بحالی کی ایک علامت ہے۔

مزیدخبریں