وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آج ہوگی

09:25 AM, 25 Sep, 2025

واشنگٹن  :  وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج واشنگٹن میں  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کی تصدیق امریکی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی 'روئٹرز' کو دی ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 30 منٹ پر وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت کے ساتھ ملاقات میں مسلم دنیا سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر عملدرآمد پر بھی گفتگو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار واشنگٹن میں جاری اہم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر اہم عالمی معاملات پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔

مزید برآں، وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں امیر قطر، اردن کے بادشاہ، انڈونیشیا کے صدر، اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارتی تعاون اور غزہ میں جاری کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، آسٹریا کے چانسلر، کویت کے ولی عہد اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، اور عالمی قیادت کے ساتھ مل کر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں