نیویارک: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے درمیان ایک دوستانہ اور گرم جوش ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعاون، خاص طور پر تجارت، علاقائی تعاون اور ثقافتی روابط کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو باہمی عزت، رواداری، اعتماد اور ترقی جیسے مشترکہ مقاصد کی بنیاد پر مزید مضبوط بنانے کا عزم دہرایا۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے باہمی سفارتی تعلقات میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور باہمی تجارت اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کو برصغیر کے استحکام اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا گیا ہے، جس میں دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کو مقدم رکھا گیا ہے۔