وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کے پاس باشعور اور باصلاحیت نوجوان ہوتے ہیں ، چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

11:21 AM, 25 Sep, 2025

اسلام آباد : فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار "2030 کا پاکستان: چیلنج، امکانات اور نئی راہیں" سے خطاب کرتے ہوئے ایپ سپ کے چیئرمین اور معروف ماہرِ تعلیم  پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ دنیا کی وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کے پاس باشعور اور باصلاحیت نوجوان ہوتے ہیں۔ پاکستان کی 60 سے 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔

 پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ آج وہی جامعات ترقی کر رہی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے دور میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں مہارت تو ضروری ہے، مگر پائیدار کامیابی کے لیے کردار (Character) سب سے اہم ہے۔

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا "ہم آپ کے سامنے ایک نیا مقدمہ لے کر آئے ہیں — سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا ہم صرف قابل گریجویٹس پیدا کر رہے ہیں یا اچھے انسان بھی؟"
چیئرمین ایپ سپ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سوچنا ہوگا کہ انہوں نے اپنے ملک، معاشرے اور خاندان کے لیے کیا کردار ادا کرنا ہے۔ آگے بڑھنے کے لیے ہمیں اپنے کردار پر محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو خود احتسابی کی ضرورت ہے کہ "کیا جو ٹاسک ہمیں ملتے ہیں، وہ ہم وقت پر مکمل کرتے ہیں؟ اگر نہیں تو پھر ہمیں کامیابی کی امید بھی نہیں رکھنی چاہیے۔"
 پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے تعلیمی اداروں کی اصل ذمہ داری کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "یونیورسٹیز کا اصل کام ہیومن ریسورس کو ہیومن ڈویلپمنٹ میں تبدیل کرنا ہے۔"

انہوں نے معاشرے میں اسلامی اقدار کی کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم 98 فیصد مسلمان ہیں، مگر ہمارا کردار اس کے برعکس ہے۔ہمیں نبی کریم ﷺ کا اسوہ اپنانا ہوگا، اور ان کی سنتوں کو اپنی زندگیوں میں لانا ہوگا۔
اس موقع پر انہوں نے معروف تعلیمی رہنما میاں عامر محمود اور ڈاکٹر آفتاب کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا "میاں عامر محمود  رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے قوم کو 400 سے زائد کالجز اور 3 جامعات کا تحفہ دیا، جو ان کی قومی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔"

مزیدخبریں