گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا ، اس کے مسائل سے نمٹنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف

12:18 PM, 25 Sep, 2025

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا اور اس کے مسائل سے نمٹنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ گردشی قرضہ مسلسل بڑھ رہا تھا اور بجلی کے شعبے میں لائن لاسز بھی ایک بڑا چیلنج ہے جس پر اگلے مرحلے میں توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے وزیر توانائی کی قیادت میں قائم ٹاسک فورس کی تعریف کی جس نے آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے اور گردشی قرضے کے خاتمے کا منصوبہ اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گردشی قرضے کی وجہ سے معیشت پر بھاری بوجھ پڑ رہا تھا اور توانائی کا شعبہ متاثر ہو رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے اتفاق رائے سے لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے، اور یہ سکیم توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا حصہ ہے، جس کے تحت آئندہ چھ سال میں گردشی قرضے سے نجات حاصل کی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ پاور سیکٹر کے اسٹرکچرل مسائل حل ہو رہے ہیں، گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے ایک سال سے مسلسل کوششیں جاری تھیں، اور یہ سکیم توانائی کے شعبے پر دور رس اثرات مرتب کرے گی۔

مزیدخبریں