عدالت نے سردار تنویر الیاس پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس میں فردِ جرم عائد کر دی

01:14 PM, 25 Sep, 2025

اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے مبینہ غلط استعمال کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالتی حکم پر سردار تنویر الیاس ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ان پر فردِ جرم عائد کی، تاہم سردار تنویر الیاس نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

عدالت نے استغاثہ کو آئندہ سماعت پر گواہان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر 2025 تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ کیس ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے استعمال سے متعلق ہے، جس میں سردار تنویر الیاس پر سرکاری حیثیت ختم ہونے کے باوجود سفارتی دستاویزات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں