وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات، صحت، غذائیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

02:16 PM, 25 Sep, 2025

نیویارک :  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں صحت، غذائیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں 2025 کے حالیہ سیلاب کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے دی گئی فراخ دلانہ امداد پر شکریہ ادا کیا اور 2022 کے سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی نمایاں خدمات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائیت کی بہتری کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پولیو ختم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری بہت اہم ہے۔

شہباز شریف نے معاشی اصلاحات، کیش لیس ڈیجیٹائزیشن اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے اپنی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کے مثبت تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی صحت، سماجی و اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں مل کر کام جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

اسی دوران، وزیراعظم نے اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے باہمی عزت، اعتماد اور خطے کی ترقی کے مشترکہ اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پروفیسر محمد یونس نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو ثقافت، تجارت اور رابطوں کو مزید بڑھانا چاہیے۔

مزیدخبریں