متحدہ عرب امارات میں انٹری پرمٹ کے لیے نئی شرط متعارف

06:11 PM, 25 Sep, 2025

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے انٹری پرمٹ کی درخواست دینے والے افراد کے لیے ایک نئی شرط متعارف کرائی ہے۔ اب درخواست گزاروں کو اپنے پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کی کاپی بھی درخواست کے ساتھ لازمی طور پر جمع کرانی ہوگی۔ اماراتی حکام نے یہ نیا ضابطہ فوری طور پر نافذ کر دیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ایک سرکاری اعلامیہ میں وضاحت کی گئی ہے کہ انٹری پرمٹ کی ہر درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کا بیرونی کور پیج منسلک کرنا ضروری ہوگا۔ اس ہدایت کی تصدیق امیر سینٹر کے نمائندے نے بھی کی ہے۔

قبل ازیں، درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی، واضح پاسپورٹ سائز تصویر، ہوٹل بکنگ کی تصدیق اور ریٹرن ایئر ٹکٹ فراہم کرنا ضروری تھا، لیکن اب پاسپورٹ کے کور پیج کی کاپی کو بھی ان ضروریات میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اس اچانک تبدیلی کے نتیجے میں کئی مسافروں اور ٹریول ایجنٹس میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ ابھی تک اس نئے ضابطے کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں۔ حکام نے اس بات کی وضاحت نہیں دی کہ پاسپورٹ کے کور پیج کی کاپی کیوں ضروری ہو گئی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ شرط دستاویزات کی تصدیق یا شناخت کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہوگی۔

ٹریول انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے کور پیج پر اکثر اہم معلومات موجود ہوتی ہیں جیسے پاسپورٹ کی تیاری کے بارے میں تفصیلات یا ملک کا سرکاری نشان، جو تصدیقی عمل میں مدد دے سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ یو اے ای دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے ایک مقبول مقام ہے، اس لیے اماراتی حکام ویزہ اور انٹری پالیسیز میں وقتاً فوقتاً ترامیم کرتے رہتے ہیں۔ یہ نئی ترمیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی سمجھی جا رہی ہے۔

حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انٹری پرمٹ کی درخواست کے ساتھ مکمل دستاویزات، بشمول پاسپورٹ کا کور پیج، لازمی طور پر منسلک کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
 
 

مزیدخبریں