اسلام آباد : پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے روز محمد شہزاد کی برق رفتار سنچری اور عتیق الرحمان کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز نمایاں رہیں، جبکہ بارش کے باعث بعض میچز میں کھیل متاثر ہوا۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ سٹیڈیم میں پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں کسی پاکستانی بیٹر کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کنگز مین اکیڈمی کے خلاف صرف 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ شہزاد 62 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 114 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پی ٹی وی نے دن کے اختتام تک 58 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنا لیے۔
دوسری جانب عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں عتیق الرحمان نے 136 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ایم آئی ٹی سلوشنز کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ٹیم نے 79 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنائے۔ عتیق الرحمان نے سید عواد نقوی کے ہمراہ 218 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی، جبکہ عواد 65 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں غنی گلاس نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں پر 263 رنز بنائے۔
ادھر ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں بارش کے باعث میچ کو 60 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ محدود اوورز کے میچ میں کے آر ایل نے او جی ڈی سی ایل کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔