نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے نیویارک میں ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
دریں اثنا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم طاقت کی زبان قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا بلکہ اپنے دفاع میں کارروائیاں کی ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق امریکا جسے تباہ کرنا چاہتا ہے، اس پر دہشت گردی کا الزام عائد کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں سلامتی کے لیے شراکت داری چاہتا ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک کو بھی مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔