اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کر رہی اور دہشت گردوں کی مبینہ سہولت کاری کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اسے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے مختلف سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا، تاہم پی ٹی آئی دہشت گردی کی مذمت اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے گریز کرتی رہی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق بھی الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا مؤثر اظہار نہیں کیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور صوبے میں غیر قانونی تجارت اور سونے کی غیر قانونی کان کنی سے متعلق الزامات عائد کیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم، شہریوں اور سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملک کی سالمیت اور امن کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔