مکہ دفاعی اتحاد کا ہنگامی اجلاس، پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے عسکری سربراہان کی شرکت متوقع

07:53 PM, 25 Sep, 2026

ریاض: سعودی عرب میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت ہنگامی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے عسکری سربراہان شرکت کریں گے۔

ترک وزارتِ دفاع کے مطابق ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور اجلاس میں اپنے سعودی اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ شریک ہوں گے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی حمایت کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس بلانے کا فیصلہ نیویارک میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔

تینوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور مکہ میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حالیہ حوثی حملوں کی مذمت کی اور دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی حمایت کے لیے عسکری سربراہان کے ہنگامی اجلاس کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں بین الاقوامی قانون، ریاستی خودمختاری اور سمندری نقل و حمل کی آزادی کے احترام پر بھی زور دیا گیا، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

مزیدخبریں