آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے چیمپینز ٹرافی ختم کر دی

آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے چیمپینز ٹرافی ختم کر دی
کیپشن: فوٹو: فائل

کولکتہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انٹرنیشنل کرکٹ سے چیمپینز ٹرافی ختم کر دی جبکہ اس کی جگہ ورلڈ ٹی ٹوئٹی نے لے لی ہے۔آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام 2019 تا 2023 پر تمام رکن ممالک نے دستخط کردیے ہیں .

تفصیلات کے مطابق کولکتہ میں آئی سی سی اجلاس میں 2019 تا 2023 فیوچر ٹور پروگرام ترتیب دیا گیا۔آئی سی سی نے 2021 میں ہونے والا چیمپینز ٹرافی ٹورنامنٹ ختم کر دیا جبکہ بھارت کو 2021 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی دے دی گئی، 2020 میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔

علاوہ ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے تمام ممبر ممالک کو ٹی ٹوئنٹی اسٹیٹس دے دیا، اب تمام ممبر ملکوں کی ٹیمیں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے اہل ہوں گی۔یکم جولائی 2018 سے تمام ممبر ممالک کی ویمنز ٹیموں کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائے گی جب کہ یکم جنوری 2019 سے تمام ممبر ممالک کی مینز ٹیمیں بھی مختصر فارمیٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اہل ہو جائیں گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آخری ایونٹ 2017 میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔