واشنگٹن: پریس ڈنر کے دوران فائرنگ، صدر ٹرمپ محفوظ، حملہ آور گرفتار

09:12 AM, 26 Apr, 2026

واشنگٹن : واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ عشائیے کے دوران فائرنگ کے واقعے نے کہرام مچا دیا، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ واقعے میں مکمل طور پر محفوظ رہے اور سیکیورٹی اداروں نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔
تقریب کے آغاز پر جب صدر ٹرمپ اور ترجمان کیرولن لیویٹ کو ایک ہنگامی پرچی دکھائی گئی، تو ہال میں اچانک فائرنگ کی زوردار آواز گونجی۔ آواز سنتے ہی صدر ٹرمپ اور وہاں موجود 2,600 سے زائد شرکا اپنی نشستوں سے نیچے ہو گئے اور میزوں کے پیچھے چھپ گئے۔ سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری طور پر ہتھیار تان لیے اور صدر ٹرمپ کو بحفاظت ہال سے باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور مرکزی دروازے پر نصب میگنیٹو میٹر کی جانب بھاگا تھا اور اس نے بال روم میں ایک سیکریٹ سروس اہلکار کو گولی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق گرفتار مشتبہ حملہ آور کی عمر 31 برس ہے اور وہ ریاست کیلیفورنیا کا رہائشی ہے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر حملہ آور کی تصویر بھی شیئر کر دی ہے۔
واقعے کے بعد صدر ٹرمپ نے 'ٹروتھ سوشل' پر اپنے بیان میں سیکریٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہاواشنگٹن میں یہ ایک غیر معمولی شام تھی۔ حملہ آور حراست میں ہے، میں نے پروگرام جاری رکھنے کی سفارش کی تھی لیکن ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات کے مطابق چلیں گے۔"

اس واقعے کے بعد تقریب کو فوری طور پر برخاست کر دیا گیا اور سیکیورٹی حکام نے ہوٹل کا کنٹرول سنبھال کر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

مزیدخبریں