عمران خان، شاہ محمود، پرویز الٰہی کی غیر موجودگی میں پی ٹی آئی رہنما اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی بحالی کے لیے سرگرم

عمران خان، شاہ محمود، پرویز الٰہی کی غیر موجودگی میں پی ٹی آئی رہنما اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کی بحالی کے لیے سرگرم
سورس: Screen Grabed

اسلام آباد: سینئر صحافی انصار عباسی کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف پارٹی چیئرمین عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تعلقات بحال کرنا چاہتی ہے۔ 


انصار عباسی کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ  اعلیٰ ترین قیادت بشمول پارٹی چیئرمین عمران خان،  نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی اور صدر پرویز الہیٰ  کی غیر موجودگی میں پی ٹی آئی کی دوسری سطح کی قیادت سنجیدگی کے ساتھ وہ راستے اور ذرائع تلاش کر رہی ہے جن کی مدد سے پارٹی کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تصادم کی موجودہ صورتحال سے نکالا جائے۔ پارٹی میں اس بات پر بھی بحث ہو رہی ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مسلسل کشیدگی سے پارٹی کو فائدہ ہے نہ ملک اور ادارے کو۔ 

پی ٹی آئی کے ایک ذریعے کے مطابق پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ پارٹی کی جانب اپنی موجودہ پالیسیوں کا جائزہ لے اور اس کے عوض ادارے کو یہ ضمانت دی جا سکتی ہے کہ عمران خان فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے اپنا موقف نرم کریں گے۔

سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور ترجمان صداقت علی عباسی نے کہا کہ ہمیں ادارے کی اہمیت کا اندازہ ہے موجودہ صورتحال میں دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہونا قومی مفاد میں ہے، ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے قومی ڈائیلاگ میں شرکت کیلئے بھی پی ٹی آئی تیار ہے۔


انصار عباسی کے مطابق صداقت عباسی نے مزید کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے پی ٹی آئی کسی بھی سیاسی جماعت یا ادارے کے ساتھ مل بیٹھ کر بات چیت میں ہچکچاہٹ کا شکار نہیں، موجودہ حالات میں یہ ضروری ہے کہ ملک کو آئینی، سیاسی اور معاشی بحران سے نکالنے کیلئے قومی سطح پر مذاکرات ہوں۔

سینئر صحافی انصار عباسی نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ کور کمیٹی نے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان صلح کرانے کیلئے عمران خان سے اجازت لی تھی یا نہیں۔

مصنف کے بارے میں