نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا: 4 اہم کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر

12:52 PM, 26 Aug, 2025

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ہوم سیزن سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ ٹیم کے اہم کھلاڑی مچل سینٹنر، گلین فلپس، فن ایلن اور ول اورورکی آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر ول اورورکی کے سکین میں کمر کا سٹریس فریکچر سامنے آیا ہے، جس کے باعث وہ کم از کم تین ماہ کرکٹ سے دور رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ول اورورکی اب سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ پر کام کریں گے اور وہ نہ صرف آسٹریلیا بلکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے بھی باہر رہیں گے۔

اسی طرح، گلین فلپس گروئن انجری کا شکار ہیں اور انہیں ری ہیب کی ضرورت ہے، جبکہ فن ایلن نے اپنے پاؤں کی سرجری کروائی ہے اور وہ بھی تین ماہ ایکشن سے دور رہیں گے۔

نیوزی لینڈ وائٹ بال ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر گروئن میں تکلیف کی وجہ سے دی ہنڈرد لیگ چھوڑ کر وطن واپس آ چکے ہیں۔ انہیں پیٹ کی سرجری بھی کرانی ہے جس کے باعث ان کی ریکوری میں ایک ماہ لگے گا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیپل ہیڈلی ٹی 20 سیریز یکم سے 4 اکتوبر تک کھیلی جائے گی، لیکن نیوزی لینڈ کے لیے یہ کھلاڑیوں کی غیر موجودگی ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔

مزیدخبریں