خیبر پختونخوا حکومت کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑا اقدام، مزید 2 ارب روپے کے فنڈز جاری

12:10 PM, 26 Aug, 2025

پشاور :  خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مزید 2 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے مطابق یہ فنڈز ریلیف اور معاوضے کی مد میں فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر صوبائی حکومت اب تک 6 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم متاثرین کیلئے جاری کر چکی ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ یہ تمام فنڈز گزشتہ 10 دن کے اندر اندر جاری کیے گئے، جس سے حکومت کی ترجیحات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں وزیر اعلیٰ اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد مزید فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع، خصوصاً بونیر، سوات، دیر اور چترال میں شدید تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔ ان علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ، سڑکیں اور پل بہہ گئے جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

ریلیف اور ریسکیو آپریشنز تاحال جاری ہیں، جن میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پاک فوج، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے بھی شریک ہیں۔ حکومت کی جانب سے متاثرین کو خوراک، ادویات، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزمل اسلم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور حکومتی اقدامات پر اعتماد رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر متاثرہ خاندان تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور جلد مکمل بحالی کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔

مزیدخبریں