اسحاق ڈار کی مصر اور الجزائر کے وزرائے خارجہ سے ملاقات ، مسئلہ فلسطین پر یکجہتی کا اظہار

02:41 PM, 26 Aug, 2025

جدہ :  پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعتی اور الجزائر کے وزیرِ خارجہ احمد عطار سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں فلسطین کی سنگین صورتحال اور مسلم اُمہ کے باہمی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ان ملاقاتوں میں فریقین نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری جنگ بندی کی جائے، فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے، اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کی جائیں۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ نازک حالات مسلم دنیا کے اتحاد اور ہم آہنگی کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر مظلوم فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے۔

وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مصر اور الجزائر کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شمالی افریقی برادر ممالک کے ساتھ تجارت، مواصلات اور دیگر شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ او آئی سی کا یہ غیرمعمولی اجلاس فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں بلایا گیا تھا، جس میں مسلم ممالک نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں