عید میلاد النبی ﷺ , 3 روزہ تعطیلات کا اعلان

04:24 PM, 26 Aug, 2025

شارجہ:متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے 5 ستمبر بروز جمعہ کو چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق، نجی شعبے کے ملازمین کو بھی 5 ستمبر کو عام تعطیل دی جائے گی، جس کے نتیجے میں ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹیوں کے ساتھ مل کر زیادہ تر ملازمین کو تین روزہ طویل چھٹی ملے گی۔

یاد رہے کہ شارجہ میں سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ پہلے ہی معمول کی چھٹی کا دن ہے، اس لیے انہیں اس دن اضافی چھٹی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

عید میلاد النبی ﷺ اسلامی قمری تقویم کے مطابق 12 ربیع الاول کو منائی جاتی ہے۔ اماراتی فلکیاتی مرکز کے مطابق اس سال 12 ربیع الاول 5 ستمبر کو ہوگا کیونکہ 23 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے صفر کے 30 دن مکمل ہوئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی عرب اور یو اے ای میں اس سال عید میلاد النبی ﷺ مختلف دنوں کو منائی جائے گی کیونکہ سعودی عرب میں چاند ایک دن پہلے دیکھا گیا تھا۔

اسلامی تقویم چاند کی رویت پر مبنی ہوتی ہے، اور ہر مہینے کا آغاز رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی اعلان کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں