بھارت نے دریائے راوی پر تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں ہائی الرٹ جاری کر دیا

کوٹ نیناں  سے تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی  داخل ہوا ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع

09:42 PM, 26 Aug, 2025

لاہور : بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں جس کے باعث پاکستانی حدود میں دریائے راوی میں پانی کی آمد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کوٹ نیناں  سے تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی  داخل ہوا ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں جسٹر، شاہدرہ اور ہیڈبلوکی کے علاقوں سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب گزرنے کا خدشہ ہے۔ دریائے راوی میں جسٹر کے مقام پر ایک لاکھ 42 ہزار کیوسک پانی داخل ہو رہا ہے، جب کہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 56 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کمشنر لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی اقدامات کرنے کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریائے راوی کے کنارے آباد شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

مزید برآں، مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے آگاہی دی جا رہی ہے تاکہ کوئی ہنگامی صورتحال پیش نہ آئے۔

مزیدخبریں