سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی حصہ لے گی، وزیراعلیٰ سندھ

07:48 PM, 26 Dec, 2020

لاڑکانہ: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کے سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیلپز پارٹی میدان خالی نہیں چھوڑے گی بلکہ بھر پور انداز میں حصہ لے گی۔ گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے پارٹی چیئرمین کو جمع کروا دیئے ہیں اور اب یہ قیادت کی مرضی ہے اسے جب چاہیے استعمال کریں۔ 

گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات مارچ میں کرانے کی بجائے فروری میں کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سینٹ انتخابات کو شو آف ہینڈ کرانے کا فیصلہ کیا۔ اٹارنی جنرل نے اس حوالے سے کابینہ میں تجاویز پیش بھی کر دی تھیں جبکہ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بھی آئینی اور سیاسی پہلو پر بریفنگ دی تھی۔ 

سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ اور اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے لئے حکومت نے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس بھی دائر کر دیا ہے۔ صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ریفرنس پر دستخط کرنے کے بعد حکومت نے عدالت عظمیٰ سے رائی مانگی ہے۔

ریفرنس میں حکومت کی جانب موقف اپنایا گیا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت نہیں کرائے جاتے اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخاب کرایا جاتا ہے تاہم سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت بھی ہو سکتا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے سینیٹ الیکشن میں شفافیت آئے گی۔ ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ خفیہ ووٹنگ کی وجہ سے سینیٹ الیکشن کے بعد شفافیت پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔ 

صدر مملکت نے ریفرنس سپریم کورٹ میں بجھوانے کی منظوری دی اور انہوں نے آرٹیکل 186 کے تحت عدالت عظمیٰ کو ریفرنس بھجوانے کی وزیراعظم کی تجویز منظور کی۔ 

مزیدخبریں