محمد رضوان اور صہیب مقصود کی نصف سنچریاں، لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے مات دیدی

محمد رضوان اور صہیب مقصود کی نصف سنچریاں، لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے مات دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود کی عمدہ اننگز کی بدولت لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے، محمد رضوان جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 76 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ صہیب مقصود نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے 158 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا تو فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوور میں ہی کرس لین کو کلین بولڈ کر دیا۔ اننگز کے چوتھے اوور میں حارث رؤف نے جیمز وینس کو سمت پٹیل کے ہاتھوں کیچ کروا دیا جنہوں نے چھ گیندوں پر محض پانچ رنز بنائے۔ 
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور صہیب مقصود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 140 پر پہنچا دیا اور جیت کی بنیاد رکھی۔ اس موقع پر محمد رضوان شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ کپتان کے پویلین لوٹنے کے بعد صہیب مقصود نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 41 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 29 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان مرزا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے محمد حفیظ کی عمدہ اور جارحانہ بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو 17 کے مجموعی سکور پر یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔ لیگ سپنر عثمان قادر نے سہیل اختر کو کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ کروایا تو اگلے اوور میں شاہنواز دھانی نے فخر زمان کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا، وہ 11 گیندوں پرنو رنز بنا سکے۔ 
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ان فارم سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ملتان سلطانز کے باؤلرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور جو ڈینلی کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑتے ہوئے مجموعی سکور 106 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر جو ڈینلی کارلوس بریتھ ویٹ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 29 گیندوں پر دوچھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ جارح مزاج آل راؤنڈر بین ڈنک آج کے میچ میں بھی خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف ایک سکور بنا کر عثمان قادر کی گیند پر شاہد آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔ 
محمد حفیظ نے گزشتہ میچز کی طرح آج بھی شاندار بلے بازی کی اور 35 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے تاہم 122 کے مجموعی سکور پر وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ اننگز کے سترہویں اوور میں سمت پٹیل کٹ شاٹ کھیل کر رن لینے کیلئے کریز سے باہر نکلے جس پر دوسرے اینڈ پر موجود محمد حفیظ نے بھی پوری قوت سے دوڑ لگا دی تاہم سمت پٹیل نے اپنا ارادہ بدل لیا اور محمد حفیظ کو آدھی کریز سے واپس جانا پڑا مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ 
 لاہور قلندرز کو چھٹا نقصان 141 کے مجموعی سکور پر اس وقت برداشت کرنا پڑا جب ڈیوڈ ویزے آٹھ گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی گیند پر کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں میں سمت پٹیل نے 26 اور شاہین شاہ آفریدی نے تین رنز بنائے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تاہم کارلوس بریتھ ویٹ سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے چار اوورز میں 20 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاہنواز دھانی نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان قادر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، جو ڈینلی، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد سلمان مرزا شامل تھے۔ 
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، ریلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل خان، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی شامل تھے۔