تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا اور نہ ہی حالات مزید خراب کرنا چاہتا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات میں اچھے نتائج ملیں گے، اور یہ بات بھی کی کہ سپریم لیڈر کی رہنمائی میں مذاکراتی عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں شروع ہو رہا ہے، جو عمان کی ثالثی میں ہوں گے۔ ایران کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کر رہے ہیں، اور اس میں نائب وزیر خارجہ، قانونی امور کے اعلیٰ عہدیدار اور جوہری ماہرین بھی شامل ہیں۔
امریکا کی جانب سے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف، سابق مشیر جیرڈ کشنر اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے مذاکرات میں شرکت کا امکان ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ مذاکرات عالمی سطح پر اہمیت رکھتے ہیں اور ان کے نتائج عالمی امن و سکیورٹی پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔