ٹی 20 ورلڈ کپ : پہلی بار سیمی فائنل سے قبل ایشیائی ٹیموں کے باہر ہونے کا خدشہ

01:30 PM, 26 Feb, 2026

دہلی : آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026، جو بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے، ایشیائی سرزمین پر ہونے والا ہے، اور اس ورلڈ کپ سے پہلی بار ایسا لگتا ہے کہ تمام ایشیائی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے سے قبل ہی باہر ہو سکتی ہیں۔ اس ایونٹ میں جنوبی ایشیا کے چھ ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں، جن میں میزبان بھارت، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال شامل تھے۔

ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل بنگلہ دیش کو آئی سی سی نے متنازع طور پر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا، جبکہ نیپال جیسی کمزور ٹیم توقعات کے مطابق پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگئی۔ افغانستان کی ٹیم بھی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے باوجود اگلے مرحلے میں نہ پہنچ سکی۔

گزشتہ روز سری لنکا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی، جس کے بعد وہ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اب صرف پاکستان اور بھارت باقی ہیں، مگر دونوں کی سیمی فائنل تک پہنچنے کی راہ میں مشکلات درپیش ہیں۔

پاکستان کو انگلینڈ کے نیوزی لینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنے نے مزید پریشان کیا ہے۔ اگر انگلینڈ کل نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے، تو پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع مل سکتا ہے، لیکن نیوزی لینڈ کی جیت کی صورت میں پاکستان کا سفر ختم ہو جائے گا۔

دفاعی چیمپئن بھارت کے لیے بھی حالات مشکل ہیں، خاص طور پر جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بدترین شکست اور منفی رن ریٹ کے باعث سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ہو رہا ہے۔ بھارت کو اپنے اگلے دونوں میچز زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے تاکہ رن ریٹ بہتر کر سکے۔

اگر بھارت ان میں سے ایک بھی میچ ہار جاتا ہے یا رن ریٹ کم رہتا ہے، تو یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ کوئی ایشیائی ٹیم سیمی فائنل تک نہ پہنچے۔

مزیدخبریں