مظفرآباد : سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ برفباری کے دوران ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق، برفباری کے دوران ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں باغ کے علاقے میں ایک شہری جاں بحق ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، 11 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 8 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، دارالحکومت سے پیر چناسی شاہراہ برفباری کے باعث بند ہے، تاہم دارالحکومت سے وادی نیلم کی شاہراہ شاردہ تک بحال کر دی گئی ہے۔ بلند بالا علاقوں اور نیلم ویلی کی بند شاہراہوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ایس ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ہٹیاں بالا سے وادی لیپہ جانے والی شاہراہ کو داوکھن تک بحال کر دیا گیا ہے۔ برفباری کے دوران شاہراہوں پر پھسلن کے باعث شہریوں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اندرون وادی لیپہ کی شاہراہوں اور دیگر بالائی علاقوں کی شاہراہوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ایس ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔