اسلام آباد: میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کی آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میانمار کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوطرفہ تعلقات ہیں، جو باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میانمار کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، اور وہ میانمار میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ میانمار تھان سوی نے اس شاندار میزبانی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ میانمار کے تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔