ن لیگ محب اللہ سے ملاقات کرنیوالے اپنے قائد کو نوٹس جاری کرے، فواد چودھری  

12:24 PM, 26 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مسلم لیگ (ن) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان مشیر حمد اللہ محب کیساتھ ملاقات پر اپنے قائد میاں نواز شریف کو نوٹس جاری کرے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر انہوں نے لیگی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال صاحب نے ہندوستان سے مدد مانگنے کے بیان پر ایک سیاسی یتیم کو نوٹس دیا جو اچھی بات ہے لیکن کیا ہی اچھا ہو ان کی مجلس عاملہ نواز شریف کو حمد اللہ محب جیسے پاکستان دشمن اور ہندوستان کے پروردہ شخص سے ملاقات پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے باز پرس کرے؟

اپنی ایک اور ٹویٹ میں فواد چودھری نے لکھا کہ ‏عطا تارڑ نے پولیس پر حملہ کیا، انہیں سمجھائیں ہر وقت میک موہن نہ بنا کریں۔ امید ہے وہ تین سال کی جیل کے بعد اچھا بچہ بن کر نکلے گا۔

کشمیر انتخابات سے متعلق اپنے ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی شاندار کامیابی عام آدمی کے وزیراعظم عمران خان پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست دونوں پر نظر ثانی کرے۔ زرداری اور نواز شریف کو لوگ قبول کرنے کو تیار نہیں، متبادل قیادت کا وقت ہے، محب سے ملاقاتیں کرنیوالوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

مزیدخبریں