لاہور : پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا ایک اور اسپیل شروع ہونے کو ہے، جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں 28 جولائی سے 31 جولائی تک بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران بالائی علاقوں خصوصاً مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون کے اس نئے سلسلے کے دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جب کہ کچے مکانات اور خستہ حال عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطے کی ہدایت کی ہے۔