"تم میرے بیٹے کی عمر کی ہو":جگن کاظم کی علیزے شاہ سے معذرت

11:55 AM, 26 Jul, 2025

لاہور:پاکستان شوبز انڈسٹری میں حالیہ دنوں ایک نیا تنازع سامنے آیا، جب اداکارہ علیزے شاہ نے سینئر فنکاروں پر غیر پیشہ ورانہ رویے کے الزامات عائد کیے، جس میں معروف میزبان و اداکارہ جگن کاظم بھی شامل تھیں۔ اس معاملے پر جگن کاظم نے علیزے شاہ سے علانیہ معافی مانگ لی، جسے سوشل میڈیا صارفین نے سراہا ہے۔

تنازع کا آغاز علیزے شاہ کی ایک ویڈیو سے ہوا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ برائیڈل کوچر ویک 2021 کے دوران ان کا ریمپ پر گرنا محض اتفاق نہیں تھا، بلکہ معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے مبینہ طور پر انہیں جان بوجھ کر دھکا دیا۔ علیزے کے مطابق اس واقعے پر جگن کاظم نے طنزیہ تبصرہ کیا، جس سے انہیں دلی تکلیف پہنچی۔

علیزے نے کہا    "جگن کاظم کا مذاق اُڑانا افسوسناک تھا۔ عوامی سطح پر اس طرح کی باتیں شرمندگی کا باعث بنتی ہیں۔"

اس پر ردعمل دیتے ہوئے جگن کاظم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے نرمی اور عاجزی سے معذرت کی۔
ان کا کہنا تھاعلیزے، تم میرے بیٹے کی عمر کی ہو۔ اگر میں نے کبھی تمہیں دکھ پہنچایا ہو تو میں دل سے معافی چاہتی ہوں۔"

انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ ویڈیو چار سال پرانی ہے اور اس کا مقصد کسی کی دل آزاری ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر علیزے شاہ کو اس سے تکلیف پہنچی ہے تو وہ اس پر نہایت شرمندہ ہیں۔

    "میں ہمیشہ اپنی غلطیوں پر معذرت کرتی ہوں، چاہے وہ دوست ہوں یا گھر والے۔ چونکہ آپ نے یہ بات عوامی سطح پر کہی، تو میں بھی پبلک پلیٹ فارم پر معافی مانگ رہی ہوں۔"

جگن کاظم کے اس رویے کو سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل ملا۔ صارفین نے ان کے جذبے کو اخلاقی جرات اور پیشہ ورانہ انکساری قرار دیا، اور کہا کہ معذرت کرنے کا عمل معاشرے میں برداشت اور احترام کے فروغ کی علامت ہے۔

مزیدخبریں