ڈیگاری دوہرا قتل کیس: مقتولہ کی والدہ کا ڈی این اے سیمپل حاصل، تفتیش حساس مرحلے میں داخل

01:00 PM, 26 Jul, 2025

چاغی: ڈیگاری میں پیش آنے والے دوہرے قتل کیس میں تفتیشی عمل نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ پولیس نے مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان بی بی سے ڈی این اے سیمپل حاصل کر لیا ہے، جس کا مقصد ماں اور بیٹی کے رشتے کی سائنسی تصدیق کرنا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گل جان بی بی کو ایک متنازع ویڈیو بیان کے بعد حراست میں لیا گیا تھا، جس میں انہوں نے قتل کو "بلوچی روایات کے مطابق سزا" قرار دے کر اس کی تائید کی تھی۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اسے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے مطابق، گل جان بی بی سے خون، بال اور لعاب کے نمونے لیے گئے، جنہیں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھجوا دیا گیا ہے۔ اس سے قبل قبر کشائی کے دوران بانو بی بی کے بھی ڈی این اے نمونے حاصل کیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی این اے نتائج کیس کی تفتیش کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی روشنی میں مزید گرفتاریاں اور شواہد سامنے آ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ عید الاضحیٰ سے تین دن قبل پیش آیا تھا، جب مبینہ طور پر مقامی قبائلی جرگے کے حکم پر بانو بی بی اور احسان اللہ کو کاروکاری کے الزام میں اجتماعی طور پر قتل کر دیا گیا تھا۔ بعدازاں واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس نے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔

پولیس نے اب تک 20 افراد کو حراست میں لیا ہے، جن میں 11 کے خلاف دہشت گردی، قتل اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں