پشاور: خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے سبب سیاحتی مقامات پر فلیش فلڈز، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ سیاحت نے 21 سے 29 جولائی تک سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سیاحتی مقام پر جانے سے پہلے 1422 پر رابطہ کریں تاکہ موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جھیل سیف الملوک روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، تاہم متعلقہ اداروں نے فوری طور پر 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 25 جون سے اب تک 63 افراد جاں بحق، 79 زخمی اور 247 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں شمالی وزیرستان، سوات، مردان اور چارسدہ میں ہوئیں۔