ورلڈ یونیورسٹی گیمز: جرمنی میں دو پاکستانی ایتھلیٹس پراسرار طور پر لاپتا

07:33 PM, 26 Jul, 2025

برلن: جرمنی میں جاری ورلڈ یونیورسٹی گیمز کے دوران پاکستانی وفد کے دو ایتھلیٹس شازل احمد اور ندیم علی گزشتہ دو روز سے لاپتا ہیں، جس کے بعد پاکستانی حکام تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

پاکستانی آفیشلز کے مطابق دونوں کھلاڑی کسی قسم کی اطلاع دیے بغیر ٹیم کیمپ سے غائب ہوئے۔ قومی وفد میں شامل ذمہ داران کی جانب سے مسلسل رابطے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، مگر تاحال دونوں کھلاڑیوں سے کوئی رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔

پاکستانی وفد کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ایتھلیٹس کے پاسپورٹ ٹیم مینیجر کی تحویل میں ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا کوئی باقاعدہ فرار کا منصوبہ نہیں تھا۔ ساتھی کھلاڑیوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ شازل اور ندیم نے کسی کو مطلع کیے بغیر جگہ چھوڑی۔

پاکستان کا 42 رکنی وفد ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں شریک ہے، جس میں 25 مرد و خواتین ایتھلیٹس اور 17 آفیشلز شامل ہیں۔ وفد کی واپسی 27 جولائی کو متوقع ہے۔

حکام نے لاپتا کھلاڑیوں کی تلاش شروع کر دی ہے اور متعلقہ جرمن اداروں سے بھی مدد کی درخواست کی گئی ہے۔ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اعلیٰ سطح پر چھان بین جاری ہے۔

 
 

مزیدخبریں