اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایات پر قائم ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں مون سون 2026 کے دوران قومی سطح پر تیاریوں، ہنگامی ردعمل اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے، تاہم مون سون اسپیل کے پیش نظر موسم، دریاؤں کے بہاؤ اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے امدادی سامان، انخلا کے منصوبوں، ایمرجنسی کمیونیکیشن اور ہنگامی ردعمل کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ مؤثر ڈیزاسٹر ریسپانس کے لیے ضلعی اور مقامی انتظامیہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیشگی وارننگز بروقت عوام اور متعلقہ اداروں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کیے جائیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مون سون کے دوران وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کامیاب ہنگامی اقدامات کے لیے ضروری ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس علاقوں کی نگرانی، پیشگی وارننگ نظام، عوامی آگاہی مہم اور اداروں کے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔