چیف جسٹس کی برہمی کا سامنا کرنیوالے جج نے استعفیٰ دے دیا

چیف جسٹس کی برہمی کا سامنا کرنیوالے جج نے استعفیٰ دے دیا
کیپشن: ایسے حالات میں اپنی نوکری جاری نہیں رکھ سکتا لہذا استعفیٰ دے رہا ہوں، گل ضمیر سولنگی۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: رواں ہفتے لاڑکانہ میں سیشن کورٹ کے دورے کے موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی برہمی کا سامنا کرنے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گل ضمیر سولنگی نے استعفیٰ دے دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گل ضمیر سولنگی کی جانب سے استعفیٰ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو بھجوایا گیا ہے۔ استعفے کے متن کے مطابق میں 20 مارچ 2017 سے لاڑکانہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے عہدے پر کام کر رہا ہوں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے عدالتی کارروائی کے دوران میری عدالت کا دورہ کیا جبکہ برہمی کا اظہار کیا اور میرا موبائل فون اٹھا کر میز پر پٹخا۔

 

مزید پڑھیں: کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

گل ضمیر سولنگی کے مطابق چیف جسٹس کے دورے کی ویڈیو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر دکھائی گئی جس سے میری ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔ جج گل ضمیر سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات میں اپنی نوکری جاری نہیں رکھ سکتا لہذا استعفیٰ دے رہا ہوں۔

واضح رہے کہ 23 جون کو چیف جسٹس نے لاڑکانہ سیشن کورٹ کے دورے کے دوران میز پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گل ضمیر سولنگی کا موبائل فون دیکھ کر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موبائل اٹھا کر پٹخ دیا تھا جبکہ مذکورہ جج کے تبادلے کا بھی حکم دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں