سلامتی کونسل بچوں کی حفاظت یقینی بنائے ،پاکستانی مستقل مندوب

10:54 AM, 26 Jun, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں "بچے اور مسلح تنازعات" کے موضوع پر ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بچوں کو درپیش سنگین انسانی بحران پر توجہ دلائی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جاری تنازعات کے باعث بچوں پر ہونے والا تشدد تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے مظالم کو اُجاگر کیا، جہاں بچے خوف، جبر اور تشدد کا شکار ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو کئی برسوں تک رپورٹ میں شامل ہی نہیں کیا گیا، حالانکہ غزہ میں ہزاروں بچے شہید ہو چکے ہیں۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر کو رپورٹ سے نکالنا بھی بلاجواز اور ناانصافی ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی شہری علاقوں پر بمباری کی گئی، جس میں 15 معصوم بچے شہید ہوئے۔ یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پاکستانی مندوب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بچوں پر مظالم کو روکنے کے لیے فوری، منصفانہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، اور ان علاقوں میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جہاں وہ جنگوں اور قبضے کا شکار ہیں۔

مزیدخبریں