کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ کی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سندھ کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مطالبے پر وفاقی حکومت نے پی ڈبلیو ڈی کی پرانی اسکیموں کو ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ ایف بی آر کو دیے گئے اضافی اختیارات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد پیکج کے تحت دو اہم منصوبے ایسے تھے جو سندھ حکومت خود انجام دینے جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے کی طرح دوبارہ مکمل امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کو اللہ کا کرم قرار دیا اور کہا کہ پورا خطہ دہشت گردی کا شکار ہے لیکن ہم اس پر قابو پانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے کہ 2024 میں سندھ سے تاریخی ووٹ حاصل ہوئے۔ غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ "اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس نے معصوموں کو قتل کیا"، اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ رک چکی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اس سے صرف نقصان ہوتا ہے، اس لیے امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔