بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہمارا حق ہے، حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے: علی امین گنڈا پور

05:05 PM, 26 Jun, 2025

راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کا آئینی اور سیاسی حق ہے، لیکن حکومت مسلسل اس حق کو پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے تحت ملاقات کی فہرست جمع کرائی، لیکن ہمیں روکا گیا۔ پھر کہتے ہیں کہ میں سخت بات کرتا ہوں، اگر ملاقات نہیں ہو گی تو اور کیا کریں؟‘‘

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ہدایت پر کل سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ ’’ہم بانی سے ہر ہفتے ملنا چاہتے ہیں، عدالت کا آرڈر بھی موجود ہے، ہم اپنے حق کے لیے قانونی راستہ اپنائیں گے۔‘‘

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجٹ کو صرف آئینی بحران سے بچنے کے لیے منظور کیا گیا، نہ کہ حکومت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ ہوا ہے۔ ’’اب آئی ایم ایف پروگرام آ رہا ہے، اگر رویہ یہی رہا تو ہمارا ردعمل بھی سخت ہو گا۔‘‘

مزیدخبریں