امریکی فوجی کارروائی میں ایرانی جوہری تنصیبات تباہ، پینٹاگون کا دعویٰ

05:50 PM, 26 Jun, 2025

واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگون میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر نے تاریخ کے سب سے مشکل فوجی آپریشن کا حکم دیا، جسے فوج نے کامیابی سے مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری ایران-اسرائیل تنازع کو ختم کرنا تھا، اور اس آپریشن کے بعد دونوں ممالک میں جنگ بندی ہو چکی ہے۔

پیٹ ہیگستھ کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات پر ہدفی اور مؤثر حملہ کیا گیا، جس سے تمام تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی اور ایرانی وزیر خارجہ نے بھی تنصیبات کو پہنچنے والے شدید نقصان کی تصدیق کی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی میڈیا صدر ٹرمپ کی ہر پالیسی پر بے جا تنقید کر رہا ہے۔ ان کے بقول یہ کامیابی ہر امریکی صدر کا خواب رہی ہے، اور اس موقع پر قوم کو جشن منانا چاہیے تھا۔

دوسری جانب امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ڈین کین نے بتایا کہ ایران نے قطر میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن صرف دو منٹ کے نوٹس پر امریکی افواج نے بروقت ردعمل دے کر حملہ ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے جواب میں امریکا نے بڑی تعداد میں میزائل داغے، تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

مزیدخبریں