قومی اسمبلی سے فنانس بل 2025-26 منظور، پیٹرول پر کاربن لیوی عائد کردی گئی، ٹیکس فراڈ پر سخت سزائیں

06:51 PM, 26 Jun, 2025

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے مالی سال 2025-26 کا بجٹ منظور کرلیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق نے کی، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فنانس بل پیش کیا۔ فنانس بل کی شق وار منظوری دی گئی، جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر 2.5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کی گئی اور 5 کروڑ سے زائد کے ٹیکس فراڈ پر گرفتاری کی منظوری دی گئی۔

اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ تمام ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کے مطالبات تسلیم کیے، جن میں بی آئی ایس پی میں 20 فیصد اضافہ اور سولر پینلز پر ٹیکس میں کمی شامل ہیں، اس لیے ان کی جماعت بجٹ کی حمایت کر رہی ہے۔

فنانس بل میں سیلز ٹیکس فراڈ کے مقدمات میں گرفتاری، ای بلٹی سسٹم، کسٹم ایکٹ میں ترامیم اور ارکان پارلیمنٹ کی مراعات سے متعلق نئی تجاویز بھی شامل کی گئیں۔

اپوزیشن ارکان جنید اکبر، گوہر علی خان، علی محمد خان اور لطیف کھوسہ نے بل کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے شدید اعتراضات اٹھائے اور کہا کہ فاٹا، پاٹا، زراعت اور توانائی کے شعبے کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں