واٹس ایپ نے AI پر مبنی نیا فیچر جاری کر دیا، بغیر پڑھے ہوئے میسجز کا خلاصہ اب فوری دستیاب ہوگا

06:52 PM, 26 Jun, 2025

کراچی : میٹا کی زیرِ ملکیت واٹس ایپ نے ایک جدید فیچر متعارف کرایا ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کو ان کے پڑھے نہ گئے پیغامات کا مختصر خلاصہ فراہم کرے گا۔ اس سہولت کی بدولت صارفین کو لمبے میسجز کو مکمل پڑھنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ چند جملوں میں بات سمجھ سکیں گے۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق، یہ فیچر پرائیویٹ اور گروپ چیٹس میں موجود تمام غیر پڑھے گئے میسجز کا جامع خلاصہ پیش کرے گا۔ میٹا کے مطابق، یہ سہولت ’پرائیویٹ پروسیسنگ‘ تکنیک کے تحت کام کرتی ہے جس سے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت یقینی بنتی ہے اور نہ ہی واٹس ایپ یا میٹا اس معلومات تک رسائی رکھتے ہیں۔

صارفین اپنی پسند کے مطابق ’ایڈوانس چیٹ پرائیویسی‘ کی ترتیبات میں جا کر اس فیچر کو فعال یا غیر فعال کر سکتے ہیں اور مخصوص چیٹس کے لیے اسے منتخب کر سکتے ہیں۔

یہ نیا فیچر خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے مفید ہے جن کے پاس میسجز پڑھنے کے لیے وقت کم ہوتا ہے۔ فی الحال یہ سہولت امریکہ میں دستیاب ہے، جبکہ آئندہ دیگر ممالک اور زبانوں میں بھی متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔

مزیدخبریں