راولپنڈی وومن یونیورسٹی میں امن واک کا انعقاد

01:23 PM, 26 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی :راولپنڈی وومن یونیورسٹی میں سانحہ جعفر ایکسپریس کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک امن واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس واک میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کے شرکا نے سانحہ جعفر ایکسپریس اور دہشت گردی کے دوسرے واقعات کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ملک کو امن اور محبت کا گہوارا بنانے کے لیے ہر فرد کو اپنے کردار کا احسا س کرنا ہوگا۔
اس واک کا مقصد سانحہ جعفر ایکسپریس اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنا اور دہشت گردی و شدت پسندی کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔اس موقع پر طلبہ نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "11 مارچ یوم سیاہ" اور "ہم متحد ہیں" جیسے نعرے  لکھے ہوئے تھے۔
اساتذہ نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے شدت پسندی کا خاتمہ ضروری ہے، اور طلبہ نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عزم کیا کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔واک میں شامل طلبہ نے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے پیغام کو مزید فروغ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں