پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو تجارتی پابندیوں اور قرضوں کا دباؤ: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

04:54 PM, 26 Mar, 2025

اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک عالمی معیشت میں شامل ہونے میں متعدد مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان ممالک کو زیادہ تجارتی پابندیوں اور بڑھتی ہوئی مالیاتی رسائی کی کمی کا سامنا ہے، جو ان کی اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

بواؤ فورم برائے ایشیا 2025 میں اپنے خطاب کے دوران، وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی معیشت نے ترقی تو کی ہے، لیکن یہ ترقی صرف ترقی یافتہ ممالک تک محدود رہی ہے، اور جنوبی ممالک کو اس کا مناسب فائدہ نہیں پہنچ سکا۔ انہوں نے ایک جامع عالمی معیشت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس کے لیے عالمی سطح پر کثیر الجہتی تعاون کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے شمولیتی تجارت کے لیے عالمی اتحاد قائم کرنے کی تجویز دی، جس میں ترقی پذیر ممالک منصفانہ تجارتی اصولوں کے لیے ایک ساتھ آواز اٹھا سکیں۔ انہوں نے قرضوں کی معافی اور مالیاتی انصاف کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے نئے خودمختار قرض کے نظام کی ضرورت پر زور دیا۔

اس کے ساتھ ساتھ، وزیر خزانہ نے ماحولیاتی انصاف کو عالمی پالیسیوں میں شامل کرنے اور ترقی پذیر معیشتوں کے لیے مالی امداد اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

مزیدخبریں