"سیاسی مفاد میں ملک کی تضحیک ناقابلِ برداشت": وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ کا بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کے بیان پر شدید ردعمل

01:45 PM, 26 Mar, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی جانب سے پاکستان مخالف مہم اور جنیوا میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا لیڈر ملک سے بڑا نہیں ہو سکتا اور ریاست کے خلاف مہم چلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
عطا تارڑ نے جنیوا میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال کو "انتہائی افسوسناک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی منظم طریقے سے ملک کے خلاف مہم چلانے میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  قومی مفاد ہر چیز سے مقدم ہے، سیاسی مقاصد کے لیے بیرونِ ملک پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا شرمناک عمل ہے۔سیاسی مفاد کی خاطر ملک کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کا پاکستان مخالف مطالبہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ گروہ اقتدار کی ہوس میں کس حد تک جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا  ملک کے خلاف باتیں کرنے والوں کو اپنی حرکتوں پر شرم آنی چاہیے۔ ذاتی مفاد کی کوئی اہمیت نہیں، پاکستان کا وقار سب سے اوپر ہے۔
عطا تارڑ نے دوہرایا کہ حکومت ریاست کے خلاف ہونے والی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی تضحیک کرنے والوں کو عوامی اور سیاسی سطح پر ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں