ایران جنگ کے اثرات کورونا وبا جیسے تباہ کن ہو سکتے ہیں: روسی صدر کا انتباہ

10:00 PM, 26 Mar, 2026

ماسکو :روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ جنگ کے نتائج اتنے ہی سنگین اور دور رس ہو سکتے ہیں جتنے عالمی سطح پر کورونا وائرس (COVID-19) کی وبا کے تھے۔
ماسکو میں تاجر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع کی صورت میں عالمی لاجسٹکس، پیداواری عمل اور سپلائی چینز کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح کورونا وبا نے دنیا بھر کے تجارتی نظام کو مفلوج کر دیا تھا، یہ جنگ بھی عالمی معیشت کے ڈھانچے کے لیے ویسا ہی خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔
روسی صدر نے خبردار کیا کہ اس تنازع میں شامل فریقین بھی مکمل طور پر ان نتائج کا اندازہ لگانے سے قاصر ہیں جو جنگ کے چھڑنے کے بعد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روس کو ان عالمی چیلنجز اور معاشی دباؤ سے نمٹنے کے لیے ایک متحد اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنا ہوگا۔

مزیدخبریں