اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی معیشت کو استحکام دینے اور عالمی حالات کے تناظر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد کلیدی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں خلیجی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت نے عوام کو اس کے اثرات سے بچانے کے لیے پیشگی اقدامات کے طور پر 100 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی تیاری کا فیصلہ کیا۔ یہ رقم پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) کے فنڈز کی ری اسٹرکچرنگ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جبکہ اس بات پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر اس کا اثر کم سے کم ہو۔
وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ کے لیے 100 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے فنڈز سرنڈر کرنے کا عمل جاری ہے اور باقی ماندہ مالی ایڈجسٹمنٹس کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی تاکہ غیر ضروری مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔
زراعت اور غذائی تحفظ کے حوالے سے کمیٹی نے درج ذیل اہم فیصلے کیے، نجی شعبے کو اجازت: نجی شعبے کے ذریعے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی گئی۔ عبوری قومی گندم پالیسی 2025-26 کے تحت ملک میں گندم کے اسٹریٹجک ذخائر قائم کیے جائیں گے۔ مارکیٹ میں استحکام اور کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے خریداری کے عمل کو شفاف اور مسابقتی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کی مقدار کو مارکیٹ کے حالات کے مطابق لچکدار رکھا جائے اور اسٹریٹجک و کمرشل ذخائر میں واضح فرق برقرار رکھا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور معاشی اہداف کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا۔
ای سی سی کا بڑا فیصلہ: عوامی ریلیف اور کفایت شعاری فنڈ کے لیے 100 ارب روپے کی منظوری
10:20 PM, 26 Mar, 2026