کویت میں منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں کبوتر گرفتار

 کویت میں منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں کبوتر گرفتار

کویت سٹی:دنیا بھر میں سینکڑوں سال پیغام رسانی کا ذریعہ سمجھے جانے والے کبوتروں کے بارے میں یہ خبر تھی کہ شاید اب ان سے کام لینا بند ہو گیاہے ۔تاہم بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے تحت گرفتار ہونے والے کبوتر کے بعد اب عرب ملک سے بھی خبرآئی ہے کہ وہاں بھی کبوتر کو ایسے ہی خطرناک کاموں کے لیے استعمال کیا جارہاہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق کویت پولیس کے ہاتھوں ایسا کبوتر لگا ہے جس کے ساتھ نشے کی گولیوں سے بھری تھیلی باندھی گئی تھیں اوراسے خاص مقام تک پہنچنے کی ٹریننگ بھی دی گئی تھی تاہم کبوترمنزل پر پہنچنے سے پہلے پولیس کی گرفت میں آگیا۔

 ابتدائی طورپرپولیس نے کبوترکوپکڑ کرکے چڑیا گھر کے مخصوص حصے میں منتقل کردیا ہے جب کہ منشیات کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اوراس حوالے سے کبوترکی خرید و فروخت کرنے والوں سے تفتیش کی جا رہی ہے جب کہ شہر میں کبوتربازی کے شوقین افراد کا ڈیٹا بھی جمع کیا گیا ہے۔

کویت سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ اپنی نوعیت کے اس منفرد کیس کی ہرپہلو سے تحقیقات کررہے ہیں اورجلد ہی ملزمان تک پہنچ جائیں گے جس کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن کی رپورٹ کی روشنی میں اقدام اٹھائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ منشیات فروشی کے حوالے سے کویت میں سخت قوانین رائج ہیں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث مجرموں اور گروہوں کو سخت سے سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔