اسلام آباد: سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال 2017-18ءکے لئے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے جاری اورنئے منصوبوں کیلئے 43ارب 64کروڑ 43لاکھ روپے جاری کئے جائینگے۔
آزاد جموں کشمیر بلاک کے لئے 22ارب روپے ، 48میگا واٹ کے جاگراں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 40کروڑ ، آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کیلئے50کروڑ، آٹھ مقام کیرن بائی پاس روڈ کیلئے 48کر وڑ 56لاکھ روپے ، میر پور اسلام گڑھ روڈ پر رٹھوعہ ہریام پل کیلئے 70کر وڑ ، ایم بی بی ایس میڈیکل کالج میر پور کیلئے 20کروڑ روپے ، میڈیکل کالج مظفر آباد کیلئے 20کروڑ روپے ، نوسیری لیسوا بائی پاس روڈ کیلئے 55کروڑ 86لاکھ روپے ، میر پور سٹی اور ہیملٹس واٹر سپلائی و سیوریج سکیم کیلئے 30کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان بلاک ایلوکیشن کی مد میں 12ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔ گلگت بلتستان کے 4جاری منصوبوں کیلئے ایک ارب 55کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ گلگت میں میڈیکل کالج کے قیام کے غیر منظور شدہ منصوبے کیلئے 10کروڑ روپے ، 34.5میگاواٹ کے ہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 20کروڑ روپے ، ہنزل میں 20میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 50کروڑ روپے ، ریجنل گرڈ کے قیام کیلئے 50کروڑ روپے ، ٹیکنیکل کالج گلگت کیلئے 5کروڑ ر وپے ، کونو داس سے نلتر ایئر فورس بیس تک روڈ کی اپ گریڈیشن کیلئے 30کروڑ روپے جبکہ وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج برائے گلگت بلتستان کیلئے 3ارب روپے رکھے گئے ہیں۔