’ابھی کہیں نہیں جا رہا‘

06:45 PM, 26 May, 2021

لاہور: سابق وزیر داخلہ و رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءشاہد خاقان عباسی کے بیان کسی بھی طرح کا ردعمل دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ابھی کہیں نہیں جا رہا۔ 
تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا جس کے بعد پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جلد لاہور کا دورہ کروں گا اور صحافیوں سے تفصیلی بات چیت ہو گی۔ صحافی نے چوہدری نثار سے جب سوال کیا کہ وہ کس پارٹی میں جا رہے ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی کہیں نہیں جا رہا۔ 
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 2 سال 10 ماہ بعد پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ چوہدری نثار علی خان حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی پہنچے اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سے ملاقات کی جبکہ سیکرٹری نے انہیں حلف سے متعلق اعتماد میں لیا۔ 
سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے انہیں بتایا کہ آپ کے خلاف دائر پٹیشنز کا سٹیٹس چیک کر لیا ہے اور آپ کے حلف اٹھانے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے جس کے بعد چوہدری نثار علی خان نے باقاعدہ طور پر پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ 
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چوہدری نثار (ن) لیگ میں آنا چاہتے ہیں تو پارٹی سے رابطہ کریں۔نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار 3 سال تک (ن) لیگ سے لاتعلق رہے ہیں، اگر انہوں نے شہباز شریف سے جماعت میں واپس آنے کی بات کی ہے تو یہ بات پارٹی میں رکھنا ہو گی۔

مزیدخبریں