استنبول : ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی کر کے انہیں خوشی ہوئی۔ ترک صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ملاقات میں معیشت، تجارت اور سلامتی سمیت کئی اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
صدر اردوان نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے دورے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی بھائیوں کو محبت کا پیغام بھی بھیجا۔
قبل ازیں، وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی اپنے ایکس پیغام میں صدر اردوان کو "پیارے بھائی" کہہ کر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان-بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ترکی کی حمایت پر ان کی قدردانی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاک ترکی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تاریخی، ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں ترکی کی حمایت کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے رشتے کی علامت قرار دیا۔